راولپنڈی میں ڈینگی مچھر کے حملے تاحال جاری ہیں، جس کے سبب شہر کے مختلف علاقوں میں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے مطابق، شہر کے مختلف اسپتالوں میں اس وقت 31 مریض زیر علاج ہیں، اور خوش قسمتی سے کسی بھی موت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔رواں سال 2025 کے دوران اب تک 21,440 افراد کی اسکریننگ کی جا چکی ہے، اور اس سیزن میں 1,409 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈی ایچ او راولپنڈی، ڈاکٹر جواد کے مطابق، انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت ویکٹر سرویلنس ٹیمیں فعال طور پر کام کر رہی ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق، 1361 ٹیموں نے اب تک 62,73,989 گھروں کی چیکنگ مکمل کی ہے، جن میں سے 2,04,641 گھروں میں لاروا پایا گیا ہے۔ سال 2025 میں اب تک 17,94,718 مقامات کو چیک کیا گیا، جن میں سے 2,32,874 جگہوں پر لاروا برآمد ہوا ہے۔
ڈینگی سے بچاؤ کے لیے جاری ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔ سی ای او ہیلتھ راولپنڈی، ڈاکٹر احسان غنی کے مطابق، اب تک 4,764 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں اور 1,923 مقامات کو سیل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، 3,657 چالان کیے جا چکے ہیں اور جرمانوں کی مد میں 11 لاکھ روپے سے زائد رقم عائد کی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔