یومِ شہدائے پولیس: محسن نقوی کا شہداء کو خراجِ عقیدت، قوم کے حقیقی ہیروز قرار دے دیا

یومِ شہدائے پولیس: محسن نقوی کا شہداء کو خراجِ عقیدت، قوم کے حقیقی ہیروز قرار دے دیا

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیامِ امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے حقیقی ہیروز ہیں۔

اپنے خصوصی پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ شہدائے پولیس کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور ان کی لازوال خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس فورس کی خدمات قابلِ فخر ہیں اور دہشت گردی و جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے غیر معمولی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ شہدائے پولیس کی عظیم قربانیاں وطن کے امن، استحکام اور عوام کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں، جبکہ پوری قوم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کی خدمات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔محسن نقوی نے شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے خاندانوں کی عزت، فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت ریاست کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔