سموگ ختم کرنے کیلئے اے آئی پر مبنی نظام متعارف کرایا:مریم اورنگزیب

سموگ وار روم قائم کیا گیا  جو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ڈیش بورڈ سے منسلک ہے
 انڈسٹری، ٹرانسپورٹ اور تعمیرات کے شعبوں میں واضح اہداف مقرر کئے گئے ہیں:سینئر صوبائی وزیر
لاہور(سپیشل رپورٹر )پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے  پنجاب حکومت نے اس سال اسموگ کے تدارک کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایک نیا نظام متعارف کرایا ہے۔لاہور میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اس نظام کے ذریعے صوبے بھر میں فضائی آلودگی، اسموگ کی شدت اور بھارت سے آنے والی آلودہ ہواں کے اثرات کی پیش گوئی ممکن ہوگئی ہے۔ یہ نظام صوبے میں ایئر کوالٹی کے درست تجزیے اور بروقت اقدامات کے لیے پہلی جامع تکنیکی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں پنجاب خصوصا لاہور میں اسموگ کی سطح معلوم کرنے یا اس کی پیشگی نگرانی  کیلئے  کوئی باقاعدہ نظام موجود نہیں تھا لیکن اب اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے آئندہ چار ماہ تک کے فضائی معیار کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہناتھاکہ  یہ نظام حکومت کو پہلے سے منصوبہ بندی کرنے، صحت کے شعبے کو الرٹ رکھنے اور آلودگی کے ذرائع پر بروقت قابو پانے میں مدد دیتا ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پہلے اسموگ کے پھیلنے کے بعد کارروائی شروع ہوتی تھی، اب ہم مارچ ہی سے اس کے سدباب پر کام شروع کر دیتے ہیں۔ صوبے میں اسموگ پیدا کرنے والے ذرات کو کم کرنے کے  لئے  انڈسٹری، ٹرانسپورٹ اور تعمیرات کے شعبوں میں واضح اہداف مقرر  کئے  گئے ہیں جن پر عملدرآمد کو جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے یقینی بنایا جا رہا ہے۔