سموگ سے نمٹنے کیلئے تاریخی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا:مریم اورنگزیب

 ایک سال کے دوران ایک کروڑ 30لاکھ سے زائد درخت لگائے جا چکے ہیں،سینئرصوبائی وزیر 
لاہور(آئی این پی )سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا  ہے کہ گرین پنجاب مشن کے تحت سموگ اور ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کیلئے ایک جامع اور تاریخی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، گذشتہ ایک سال کے دوران سموگ کے خاتمے کیلئے ایک کروڑ 30لاکھ سے زائد درخت لگائے جا چکے ہیں۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ رواں مالی سال 22025-26میں مجموعی طور پر پانچ کروڑ 10لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو کہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی فارسٹ کوریج تصور کی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سموگ کے خلاف ہماری جنگ صرف موسمی نہیں بل کہ یہ سسٹم بیسڈ اصلاحات اور ماحولیاتی ایمرجنسی کے تحت مستقل بنیادوں پر جاری ہے، اس مقصد کے تحت پلانٹ فار پاکستان انیشی ایٹو کے تحت 3کروڑ 42لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو 41ہزار 345ایکڑ رقبے پر پھیلایا جا رہا ہے، ساتھ ہی گرین پاکستان پروگرام کے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے 18ہزار 385ایکڑ پر 1.5کروڑ سے زائد درختوں کی شجرکاری پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نہروں اور شاہراہوں کے کنارے 3 ہزارکلومیٹر طویل رقبے پر 18لاکھ پودے لگانے کا عمل جاری ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم اپنی نسلوں کیلئے ایسا ماحول چھوڑنا چاہتے ہیں جو سانس لینے کے قابل ہو اور درختوں کی حفاظت دراصل زندگی کی حفاظت ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ پلانٹ فار پاکستان ہو یا گرین پنجاب پروگرام، یہ صرف شجرکاری کے منصوبے نہیں بل کہ مستقبل کو محفوظ بنانے کی ایک وسیع البنیاد قومی تحریک ہیں۔