ڈاکٹریٹ ڈگری میرے لئے باعث اعزاز ،ہماری ذمہ داری ہے نوجوانوں کو انسانیت کی خدمت کے مواقع فراہم کریں: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے بصیرت، نظم و ضبط اور ہمدردی سے قوم کی خدمت کی ہے: ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ
پہانگ (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف کو دورہ ملائیشیا کے دوران بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی لیڈر شپ اینڈ گورننس کی اعزازی ڈگری عطا کر دی گئی۔ وز یراعظم کا کہنا تھا ۔ قیادت و حکمرانی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنا میرے لئے اعزاز ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دینے کی تقریب ملائیشیا کی ریاست پہانگ میں منعقد ہوئی، جس میں پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ نے انہیں اعزازی ڈگری سے نوازا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پہانگ کی ملکہ تنکو عزیزہ آمینہ میمونہ اسکندریہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بصیرت، نظم و ضبط اور ہمدردی سے قوم کی خدمت کی، انہوں نے پنجاب کی قیادت سے لے کر وزارت عظمیٰ تک ثابت کیا کہ حقیقی قیادت طاقت نہیں مقصد سے جڑی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور طرزحکمرانی میں اعزازی ڈاکٹریٹ عطا کرنا اعزاز ہے۔