حادثات میں زیادہ تعداد موٹرسائیکلوں کی، لاہور سب سے زیادہ متاثر رہا
لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1547 ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 765 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ 1033 معمولی زخمی افراد کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی جس سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ رپورٹ کے مطابق حادثات کی 76 فیصد شرح موٹر سائیکل سواروں سے متعلق ہے، اس لیے ٹریفک قوانین کی پابندی، لین کی درست پیروی اور محتاط ڈرائیونگ وقت کی اہم ضرورت قرار دی گئی ہے۔ایمرجنسی اعدادوشمار کے مطابق متاثرین میں 1030 ڈرائیور، 84 کم عمر ڈرائیور، 573 مسافر اور 206 پیدل چلنے والے شامل تھے۔ 281 حادثات کی کالیں لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں جبکہ لاہور 330 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 123 متاثرین کے ساتھ دوسرے اور ملتان 107 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ مجموعی متاثرین میں 1481 مرد اور 328 خواتین شامل ہیں۔