رائیونڈ تبلیغی اجتماع، پولیس کے3 ہزار اہلکار سکیورٹی پر تعینات

لاہور (کرائم رپورٹر) رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کے موقع پر لاہور پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اجتماع کی سکیورٹی کے لیے تین ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق سکیورٹی ڈیوٹی پر تین ایس پیز، 10 ڈی ایس پیز، 37 ایس ایچ اوز اور 214 اپر سب آرڈینیٹس سمیت دیگر اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک ہزار سے زائد ٹریفک پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ شرکاء کی سہولت کے لیے 14 مقامات پر پولیس کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ پنڈال کے تین داخلی راستوں اور 27 ناکوں پر چیکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اجتماع کا پہلا مرحلہ 5 سے 8 نومبر تک جاری رہے گا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ اجتماع اور اطراف کی سکیورٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اجتماع میں آنے والے ہر فرد کی م ئوثر چیکنگ یقینی بنائی جائے، منتظمین سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور اطراف کی آبادیوں میں سرچ و کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔