ڈی جی خان پولیس کی بڑی کارروائیاں، درجنوں ملزمان گرفتار

 چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں سرگرم 35 گینگز کا صفایا، 9اشتہاری پکڑ لئے
 لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب کی ہدایت پر جاری کریک ڈاؤن کے دوران ڈیرہ غازی خان پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث درجنوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او طارق ولایت کے مطابق پولیس نے اکتوبر کے دوران چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں سرگرم 35 گینگز کے 103 ملزمان کو حراست میں لیا، جبکہ پولیس اور ملزمان کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں 9 خطرناک اشتہاری بھی گرفتار کیے گئے۔ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان سے برآمد ہونے والے مسروقہ سامان کی مجموعی مالیت 4 کروڑ 76 لاکھ روپے بنتی ہے جس میں ویگو ڈالہ، 48 موٹرسائیکلیں، طلائی زیورات، نقدی اور متعدد مویشی شامل ہیں۔ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیوں میں 22 کلاشنکوف، 271 پسٹل اور سینکڑوں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ڈی پی او طارق ولایت کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی اسی تسلسل اور شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون شکن افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔