ٹرک تلے آکر زخمی ہونیوالا کانسٹیبل ہسپتال میں دم توڑ گیا

 شاہدرہ ٹاؤن میں تعینات حامد حادثے کے بعد آئی سی یو میں زیر علاج تھا
 لاہور(کرائم رپورٹر) رکشے کو بچاتے ہوئے ٹرک کے نیچے آنے والا تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں تعینات پولیس اہلکار کانسٹیبل حامد دوران علاج دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ڈیوٹی کے دوران کانسٹیبل حامد ایک ٹریفک حادثے کا شکار ہوا جب ایک تیز رفتار ٹرک نے رکشے کو بچاتے ہوئے رخ بدلا اور اہلکار اس کے ٹائروں تلے آکر شدید زخمی ہوگیا۔ اسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر میو ہسپتال کے سرجیکل ٹاور آئی سی یو منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کی بہترین کوششوں کے باوجود وہ گزشتہ صبح تقریباً 4 بج کر 10 منٹ پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے ضابطے کی کارروائی شروع کر دی۔ اہلکار کی شہادت پر پولیس افسران اور ساتھیوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔