ججز کی ٹرانسفر پر ایگزیکٹو کے اختیارات میں کمی، فیلڈ مارشل کا عہدہ تاحیات رہ جائے گا:وفاقی وزیر قانون

ججز کی ٹرانسفر پر ایگزیکٹو کے اختیارات میں کمی، فیلڈ مارشل کا عہدہ تاحیات رہ جائے گا:وفاقی وزیر قانون

وفاقی وزیر قانون نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت ججز کی ٹرانسفر کے ایگزیکٹو کے اختیارات محدود کیے گئے ہیں، اور فیلڈ مارشل کا اعزاز تاحیات دیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم نے باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔ اس دوران مختلف آئینی ترامیم پر غور کیا گیا، جنہیں سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش ہونے کے بعد مشترکہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا، اور حکومت نے پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ اس کے علاوہ، پرانے وعدے کے مطابق آئینی عدالت سے متعلق چارٹر آف ڈیموکریسی پر بھی اتفاق رائے ہو گیا ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ ججز کے ٹرانسفر سے متعلق ایگزیکٹو کے اختیارات کم کرنے اور یہ اختیار جوڈیشل کمیشن کے حوالے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، کے پی کے سینیٹ الیکشن کی تاخیر کو حل کرنے کے لیے بھی ترمیمی تجاویز شامل کی گئی ہیں تاکہ انتخابات ایک ہی وقت پر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے حلقوں میں اضافے سے متعلق ترمیم بھی زیر غور ہے اور مجوزہ ترمیم میں ابہام دور کیا گیا ہے۔ ایڈوائزرز کی تعداد 7 کرنے اور تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی کے لیے آرٹیکل 243 میں بھی ترمیم کی گئی ہے۔وزیر قانون نے بتایا کہ 1973 کے آئین سے قبل فیلڈ مارشل کا عہدہ موجود تھا، جسے اب ختم کیا گیا ہے، اور فیلڈ مارشل کا اعزاز تاحیات جاری رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے میں بھی ترمیم کی تجویز شامل ہے، اور ایم کیو ایم کے اس آرٹیکل سے متعلق بل کو کمیٹی کے سامنے لایا جائے گا۔ حکومت اتحادی جماعتوں سے تعاون کی اپیل کرے گی۔