پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا ہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق چیف سلیکٹر وہاب ریاض کو بورڈ میں کسی نئی ذمہ داری یا عہدے پر تعینات نہیں کیا گیا ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق، وہاب ریاض اس وقت صرف بطور کنسلٹنٹ کے طور پر پی سی بی کے ساتھ منسلک ہیں اور اپنی خدمات اسی حیثیت میں انجام دے رہے ہیں۔پی سی بی نے یہ بھی کہا کہ میڈیا میں گردش کرنے والی اطلاعات کہ وہاب ریاض کو کسی نئے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے، بالکل غلط اور بے بنیاد ہیں۔ ترجمان نے زور دیا کہ پی سی بی کی جانب سے کسی بھی اہم انتظامی یا کرکٹ کمیٹی میں ان کی شمولیت کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں وہاب ریاض کو قومی ٹیم کے سلیکشن معاملات سے الگ کیا گیا تھا، مگر بورڈ نے ان کے تجربہ اور مشوروں سے فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں کنسلٹنٹ کے طور پر برقرار رکھا ہے۔ پی سی بی نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ اور غلط خبرین سے گریز کیا جائے اور صرف پی سی بی کے باضابطہ اعلامیے پر اعتماد کیا جائے۔