عمر اکمل کی وہاب ریاض پر تنقید: 'کیا تم نے ٹرائل میچز کھیلے ہیں؟

عمر اکمل کی وہاب ریاض پر تنقید: 'کیا تم نے ٹرائل میچز کھیلے ہیں؟

ویب ڈیسک: قومی ٹیم کے جارح مزاج مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ٹیم میں واپسی کے لیے سابق سلیکٹر وہاب ریاض کے پاس گئے تھے، لیکن ان کے بیان پر حیرت کا سامنا کرنا پڑا۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عمر اکمل نے کہا کہ جب وہاب ریاض سلیکٹر تھے، تو انہوں نے ان سے پوچھا کہ "کیا تم نے ٹرائل میچز کھیلے ہیں؟" جس پر عمر اکمل نے بتایا کہ وہ بہت حیران ہوئے کیونکہ 15 سالہ کرکٹ کیریئر کے بعد ایسی بات کرنا بے عزتی محسوس ہوئی۔عمر اکمل نے مزید کہا کہ سابق ہیڈ کوچ وقار یونس اور کپتان یونس خان نے بھی ان پر تنقید کی۔ خاص طور پر جب وہ اٹیکنگ شاٹس کھیلتے تھے، یونس خان انہیں کہتے تھے کہ کیا تم ٹیسٹ کرکٹ میں ٹی20 کرکٹ کھیلنا چاہتے ہو؟۔ عمر اکمل نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے بھائی کامران اور عدنان اکمل بھی وقار یونس سے خوش نہیں تھے کیونکہ انہوں نے سوال اٹھایا تھا کہ تینوں بھائی ایک ساتھ قومی ٹیم کا حصہ کیوں ہیں۔

انہوں نے وقار یونس پر الزام لگایا کہ وہ ٹی20 کرکٹ میں ان کی صلاحیتوں کو نظر انداز کرتے تھے اور ان کا خیال تھا کہ عمر اکمل کا ٹی20 کرکٹ میں کوئی مستقبل نہیں۔واضح رہے کہ عمر اکمل نے اپنی آخری بار اکتوبر 2019 میں سری لنکا کے خلاف لاہور میں پاکستان کی جانب سے کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ماضی میں محمد عامر بھی وقار یونس کی کوچنگ سے ناخوش تھے اور انہوں نے سابق کرکٹر پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔