پاکستان اور افغانستان کے درمیان استنبول مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرار

پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے ، اپنے عوام اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گا: عطا  اللہ تارڑ
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان اور افغانستان کے درمیان استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا ہوگیا۔ پاکستان نے مذاکرات میں ترکیہ اور قطر کی ثالثی کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، تاہم وزیر اطلاعات عطاء  تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور افغانستان کی سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے اپنے تحفظات کو تسلیم کرانے کی کوشش کرے گا۔وزیر اطلاعات عطاء  تارڑ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان افغانستان میں دہشت گردی کے مسئلے پر اپنے موقف پر قائم ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی پر قابو پانے کی ذمہ داری افغانستان پر عائد ہوتی ہے۔  افغان طالبان اب تک اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں، جس سے نہ صرف افغانستان میں امن و استحکام کی صورت حال متاثر ہو رہی ہے، بلکہ پاکستان سمیت پڑوسی ممالک کی سیکیورٹی بھی خطرے میں ہے۔عطاء  تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے عوام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھاتا رہے گا۔