آئی ایم ایف کیساتھ گڈ گورننس ،کرپشن رپورٹ پر ڈیڈلاک برقرار

خصوصی اقتصادی زونز کیلئے مراعات بحال رکھنے کی درخواست ،خاتمے کیلئے10سالہ پلان
ٹرانسفر آف ریذیڈنس سکیم کو مزید سخت بنانے پر 15 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آئی ایم ایف کو خصوصی اقتصادی زونز میں مراعات ختم نہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے، 2035 تک تمام اقتصادی زونز پر ٹیکس مراعات ختم کرنے کی شرط پر تھرڈ پارٹی سٹڈی رپورٹ کودیکھتے ہوئے آئی ایم ایف مشن کو فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی گئی ہے۔ آئی ایم ایف شرط پر اقتصادی زونز سے مراعات کو ختم کرنے کیلئے 10 سالہ پلان تیار کیا گیا ، اگر آئی ایم ایف نے اقتصادی زونز میں مراعات ختم نہ کرنے کی درخواست نہ مانی تو شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام مراعات ختم کر دی جائیں گی، دوسری طرف کاروں کی بیگیج اور گفٹ سکیمیں ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا، ٹرانسفر آف ریذیڈنس سکیم کو مزید سخت بنانے پر 15 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ، گڈ گورننس اور کرپشن رپورٹ پر ڈیڈلاک برقرار ہے، مشن آج واپس روانہ ہو جائے گا، حکام مذاکرات کی کامیابی کیلئے پْرامید ہیں ۔