بھارتی حکومت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا

بھارتی حکومت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا

ویب ڈیسک:بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی حکومت نے 2024 میں پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔

 انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔اس کے جواب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کی رپورٹوں کو مسترد کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی بورڈ اور حکومت کے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے اور پاکستان اپنی تیاریوں کو جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا، چاہے بھارتی ٹیم آئے یا نہ آئے۔

پی سی بی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کے دعوے کئی مہینوں سے سامنے آ رہے ہیں اور ان میں کہا جا رہا ہے کہ ٹورنامنٹ پاکستان میں نہیں ہوگا اور بھارتی ٹیم شرکت نہیں کرے گی، لیکن پاکستان ان دعووں کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا اور اپنی تیاریوں میں مصروف ہے۔یہ فیصلہ اس وقت آیا ہے جب پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے مختلف سوالات اٹھ رہے ہیں، خاص طور پر بھارت کے ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے۔ اس کے باوجود پی سی بی نے یہ واضح کیا ہے کہ ایونٹ پاکستان میں ہوگا، اور وہ بھارتی ٹیم کے انکار کے باوجود اس میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔