جنوبی افریقا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نئے چہرے بھی شامل ہیں۔
ٹمبا باؤما کو اس اہم ایونٹ کے لیے ٹیم کا کپتان منتخب کیا گیا ہے۔ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں وین ڈر ڈوسن، ٹونی ڈی زورزی، ایڈین مارکرم، ہینرک کلاسن، اور ڈیوڈ ملر جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں جو جنوبی افریقا کی بیٹنگ اور بالنگ لائن اپ کو مضبوط بنائیں گے۔ویان مولڈر، مارکو یانسن، کگیسو ربادا، کیشو مہاراج، لیونگی نگیڈی اور تبریز شمسی جیسے باصلاحیت باؤلرز بھی ٹیم کا حصہ ہیں اور چیمپئنز ٹرافی میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اسکواڈ میں ٹرسٹن اسٹبس، ریکلٹن اور اینرک نورکیا جیسے کھلاڑی بھی شامل ہیں، جو اپنی بھرپور کارکردگی سے جنوبی افریقا کو ٹورنامنٹ میں کامیاب بنانے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا آغاز 19 فروری سے پاکستان کے کراچی شہر میں ہوگا، جہاں پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ یہ ایونٹ پاکستان اور یو اے ای میں شیڈول ہے، اور دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیمیں اس ٹرافی کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔