آئی ٹی برآمدات 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کے حصول کیلئے پُرعزم ہیں، وزیراعظم

آئی ٹی برآمدات 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کے حصول کیلئے پُرعزم ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو آئندہ تین سالوں میں 25 بلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔ وہ یہ بات وی آن (VEON) گروپ کے چیئرمین آوگی کے فیبیلا کی قیادت میں 5 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے، جن میں دور دراز علاقوں میں تیز موبائل انٹرنیٹ کی فراہمی اور 5 جی انٹرنیٹ سروسز کا تعارف شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5 جی سروسز پاکستان کے ڈیجیٹل ویژن کو حقیقت میں بدلنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے ٹیلی کام شعبے کے کردار کی اہمیت پر زور دیا اور وی آن گروپ کے ساتھ آئی ٹی، ڈیجیٹائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں مشترکہ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔وفد نے پاکستان کی حالیہ معاشی استحکام کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان آئی ٹی اور ٹیلی کام شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور دیگر اعلیٰ حکومتی افسران بھی موجود تھے۔