پاکستان اور چین سی پیک کی کامیابی کے لیے پُرعزم:اسحاق ڈار

پاکستان اور چین سی پیک کی کامیابی کے لیے پُرعزم:اسحاق ڈار

نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک (چین پاکستان اقتصادی راہداری) کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

 انہوں نے اپنے تحریری جواب میں کہا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے دوروں نے دونوں کے برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دی ہے، اور ان دوروں اور معاہدوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کو آگے بڑھانے میں مدد فراہم کی ہے۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ اس منصوبے کے ذریعے دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، اور سیکیورٹی تعاون پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی معیشت کے لیے اہم فوائد فراہم کیے ہیں، اور اس منصوبے سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری آئی ہے، جس کے نتیجے میں 2 لاکھ 36 ہزار ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ سی پیک پاکستان کے جغرافیائی محلِ وقوع کو اقتصادی فوائد میں تبدیل کر رہا ہے اور اس منصوبے کی کامیابی سے پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔ ان کے مطابق سی پیک دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کا ایک مظہر ہے اور یہ پاکستان کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔