وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور این آئی ٹی بی کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ برسوں میں آئی ٹی برآمدات کو 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے سالانہ اہداف اور ضروری اقدامات پر مبنی ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹائزیشن، معیشت کی ترقی اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔وزیرِ اعظم نے این آئی ٹی بی کے بنیادی ڈھانچے کی ازسر نو تنظیم، بہترین افرادی قوت کی بھرتی اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے قیام پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خوش آئند امر یہ ہے کہ نوجوانوں، خصوصاً خواتین کو آئی ٹی کے شعبے میں خود مختار بنانے کے لیے ملک بھر میں سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ای-آفس کے نفاذ سے سرکاری دفاتر میں پیپر لیس گورننس کے ذریعے وقت اور وسائل کی بچت ہو رہی ہے۔وزیرِ اعظم نے اجلاس میں بتایا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے ہزاروں نوجوان باعزت روزگار حاصل کر رہے ہیں اور انہیں بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے لیے جدید مہارت فراہم کی جا رہی ہے۔
اجلاس کی تفصیلات
وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، کوآرڈینیٹر مشرف زیدی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ:مالی سال 2025 میں آئی ٹی برآمدات 19 فیصد اضافے کے ساتھ 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ملک میں فری لانسرز کی تعداد میں 91 فیصد اضافہ ہوا۔نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے تحت 386 نئے اسٹارٹ اَپس کی معاونت کی گئی، 14 کو عالمی سطح پر متعارف کرایا گیا۔26 شہروں میں 40 ای-روزگار مراکز قائم کیے گئے۔4 پاکستانی ٹیمز بلیک ہیٹ ایم ای اے میں دنیا کی 50 بہترین ٹیموں میں شامل ہوئیں۔700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری اور مفاہمتی معاہدے طے پائے۔
آئی ٹی اور خواتین کی شمولیت
تقریباً 3 لاکھ 15 ہزار طلباء کو آئی ٹی کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی، جن میں 1 لاکھ 15 ہزار خواتین شامل ہیں۔ خواتین کی سربراہی میں 130 اسٹارٹ اَپس کو معاونت دی گئی اور خصوصی تربیتی مراکز قائم کیے گئے۔
سائبر سیکیورٹی اور گورننس میں بہتری
3 ہزار طلباء کو سائبر سیکیورٹی کی تربیت دی گئی۔2200 وفاقی سرکاری افسران کو ڈیجیٹل ٹریننگ فراہم کی گئی۔پاک ایپ کے ذریعے 6.2 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا گیا۔وفاقی سرکاری دفاتر میں 98 فیصد ای-آفس کا نفاذ مکمل ہوا اور 51 نئے ڈیجیٹل سسٹمز متعارف ہوئے۔
ٹیلی کام سیکٹر کی پیش رفت
گزشتہ سال 5 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کو 4G تک رسائی دی گئی۔ٹیلی کام کنیکشنز 20 کروڑ سے تجاوز کر گئے۔10 لاکھ نئے انٹرنیٹ صارفین شامل ہوئے، جبکہ انٹرنیٹ کے استعمال میں 24 فیصد اضافہ ہوا۔این آئی ٹی بی اس وقت 179 سے زائد ویب سائٹس، 31 موبائل ایپلیکیشنز، 113 پورٹلز اور 57 کنسلٹینسی منصوبوں پر کام کر رہا ہے، جبکہ ادارے کی جدید خطوط پر ازسر نو تنظیم حتمی مراحل میں ہے۔وزیرِ اعظم نے تمام منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے اور برآمدات میں سالانہ بتدریج اضافے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔