5 سال میں برآمدات کو 30 ارب سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر تک لانے کا ہدف، وزیر خزانہ

5 سال میں برآمدات کو 30 ارب سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر تک لانے کا ہدف، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بلومبرگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کی حکومت نے آئندہ تین سے پانچ سالوں میں اپنے برآمدات کو 30 ارب ڈالر سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ 12 سے 14 ماہ میں معیشت کی بہتری کے لیے کئی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ان اقدامات میں مہنگائی اور شرح سود میں کمی کے لیے کیے گئے فیصلے شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کیا ہے اور نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی حکمت عملی اختیار کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سرکاری اداروں میں اصلاحات کا عمل بھی جاری ہے، جس کا مقصد ان اداروں کے نقصانات کو کم کرنا ہے۔ رائٹ سائزنگ کے ذریعے سرکاری اداروں کے اخراجات میں واضح کمی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا مقصد پائیدار اور مستحکم اقتصادی ترقی حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے دہرے خسارے یعنی کرنٹ اکاؤنٹ اور مالیاتی خسارے کو قابو کیا ہے، اور اب ان دونوں خساروں میں سرپلس حاصل کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، حکومتی اخراجات میں کمی کرکے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جا رہی ہے۔وزیر خزانہ نے پاکستان کی تجارت کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں اپنی تجارتی شراکت بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہو گا، جس سے ملک کی اقتصادی ترقی میں مزید بہتری آئے گی۔