شہریوں میں ماسک تقسیم :وزیر صحت ،ہیلتھ ایمرجنسی کااعلان

لاہور (کرائم رپورٹر)حکومت نے ماسک کی پابندی لگانے کے بعد شہریوں میں ماسک تقسیم کرنا شروع کردیئے۔صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ لاک ڈائون لگانا زیر غور ہے مگر یہ مسئلے کا حل نہیں ہے۔ حکومت کیساتھ عوام کو بھی مل کر سموگ سے نمٹنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ماسک لگائو اورخود کو سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ بنائو۔وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے لبرٹی مارکیٹ میں شہریوں میں ماسک تقسیم کیے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سموگ کیخلاف مہم شروع کردی گئی ہے۔ سموگ کے باعث شہریوں کی عمر چار سال کم ہورہی ہے لاک ڈائون لگانے سے معاشی تباہی ہوگی۔ہسپتالوں اور مارکیٹ میں سموگ سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچائو کی ادویات موجود ہیں۔ ہیلتھ کمیٹی روزانہ اسے چیک کر رہی ہے،خواجہ عمران نذیر نے ہیلتھ ایمرجنسی کا بھی اعلان کردیا۔ طبی ماہرین نے بھی زور دیاکہ ہر شہری ماسک کا استعمال یقینی بنائے۔