آئی سی سی نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے حوالے سے جواب دینے کی ڈیڈ لائن دے دی

آئی سی سی نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے حوالے سے جواب دینے کی ڈیڈ لائن دے دی

ویب ڈیسک:آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے جواب دینے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

اس بات کی تصدیق میڈیا رپورٹس میں کی گئی ہے کہ دبئی میں آئی سی سی حکام اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ پی سی بی کی نمائندگی سی او او سلمان نصیر اور چیئرمین محسن نقوی کر رہے ہیں، اور پاکستان نے بھارت سے واضح جواب طلب کیا ہے کہ آیا وہ اس ایونٹ میں شرکت کرے گا یا نہیں۔اب تک، بھارت کے علاوہ چھ دیگر ٹیموں نے اس ایونٹ میں اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے، جن میں بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان شامل ہیں۔ تاہم، بھارت نے سیکیورٹی اور سیاسی وجوہات کی بنا پر اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا ہے اور اس کی جانب سے ایک تجویز پیش کی گئی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرایا جائے، جس کے تحت کچھ میچز بھارت میں اور کچھ پاکستان میں کھیلے جائیں۔

آئی سی سی عام طور پر ایونٹ کا شیڈول تین سے چار ماہ پہلے اعلان کرتی ہے، لیکن اس مرتبہ بھارت کے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد شیڈول کا اعلان منفرد انداز میں کیا جا سکتا ہے۔ یہ اعلان رواں ماہ، 10 سے 12 نومبر کے درمیان پاکستان میں متوقع ہے۔رپورٹس کے مطابق، آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈز کے ساتھ ابتدائی شیڈول پر بات چیت کی جا چکی ہے۔ اس کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان کے گروپ اے میں بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ شامل ہوں گے، جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں ہوں گی۔چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری کو ہوگا اور ایونٹ 9 مارچ تک جاری رہے گا۔ میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اس ایونٹ کی میزبانی کے لیے پرعزم ہے اور اس کی تیاریوں میں مصروف ہے۔