پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکاروں کنزا ہاشمی اور علی رضا نے پہلی بار اپنے تعلق اور ابتدائی اختلافات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔
دونوں اداکار اس وقت ایک ڈرامے میں اپنی اداکاری کے سبب خوب تعریفیں سمیٹ رہے ہیں، اور اکثر تقاریب میں ایک ساتھ دیکھے جاتے ہیں، جس سے ان کے تعلقات کے بارے میں مداحوں میں چہ مگوئیاں جاری رہتی ہیں۔ حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں دونوں فنکاروں نے اپنی کہانی سنائی۔ کنزا ہاشمی نے بتایا کہ ہم ڈرامے سے پہلے بھی ایک دوسرے کو جانتے تھے، مگر ہم دشمن تھے۔ ابتدا میں ہمیں ایک کمرشل کے لیے سائن کیا گیا تھا، جس میں پروڈکشن نے ہمیں الگ کمرے دیے تھے، مگر میک اپ ایریا مشترکہ تھا۔ وہیں، علی رضا کا اسپیکر آن کرنے اور ماحول کو ہلکا پھلکا بنانے کا واقعہ بھی سنایا۔
کنزا نے کہا کہ میں نے اسی وقت سوچ لیا تھا کہ یہ بہت اوور اسمارٹ ہیں، اور بعد میں بھی ان کی مغرور فطرت کو جان لیا۔ دوسری جانب علی رضا نے بتایا کہ ان کے درمیان غلط فہمیاں پروڈکشن ٹیم کی وجہ سے پیدا ہوئیں، مگر ملاقات ایئر پورٹ پر ہوئی جہاں وہ سب کچھ واضح ہو گیا۔ علی رضا کے مطابق، وہ کافی شاپ میں بیٹھا تھا کہ کنزا آئیں اور بات چیت شروع ہوئی، جس کے بعد ان کی دوستی ہوگئی اور ڈرامے سے پہلے ہی وہ اچھے دوست بن چکے تھے۔