پاکستانی اداکارہ سحر ہاشمی نے ٹی وی ڈراموں میں گلے ملنے کے مناظر پر ہونے والی تنقید پر پہلی بار کھل کر اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے صرف وہی مناظر فلمائے جو اسکرپٹ کا حصہ تھے اور ہدایت کار کے وژن کے مطابق ریکارڈ کیے گئے۔
ڈرامہ ’ظلم‘ سے اداکاری کا آغاز کرنے والی سحر ہاشمی اس سے قبل فیشن اور لائف اسٹائل سے متعلق ڈیجیٹل مواد تخلیق کرتی تھیں۔ بعد ازاں ’من مست ملنگ‘، ’زنجیریں‘ اور ’شیدائی‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کے ذریعے انہوں نے ناظرین میں اپنی الگ پہچان بنائی۔حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران سحر ہاشمی نے ڈراموں میں گلے ملنے والے مناظر پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہر اداکار اپنے کردار اور کہانی کی ضرورت کے مطابق کام کرتا ہے، اس لیے صرف انہیں تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔اداکارہ نے کہا کہ وہ بطور فنکار ہمیشہ ہدایت کار کی ہدایات اور اسکرپٹ کے تقاضوں کے مطابق کام کرتی ہیں، جبکہ ہر منظر کہانی کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر فلمایا جاتا ہے۔تاہم سحر ہاشمی نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اگر ناظرین ایسے مناظر کو پسند نہیں کرتے تو وہ مستقبل میں اس حوالے سے زیادہ احتیاط برتیں گی اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ مداحوں کی رائے کا بھی احترام کریں گی۔سوشل میڈیا پر ان کے اس بیان کے بعد مداحوں کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، جہاں بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ بعض نے ڈراموں میں ایسے مناظر سے گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔