وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
اسحاق ڈار سے جاپان اور پرتگال کے وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، دونوں نے امن و استحکام کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا
اسلام آباد (آن لائن‘آئی این پی ) خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلیٰ سطحی سفارتی رابطہ ہوا ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔گفتگو کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارتی کوششوں کو تیز کیا جائے اور تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے کے استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے ۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جاپان اور پرتگال کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے جاپان کے وزیر خارجہ توشیمیتسو موتیگی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں مشرق وسطی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق دونوں رہنماں نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں فوری کمی کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر اس اقدام کی حمایت جاری رکھے گا جو کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام میں معاون ہو۔جاپانی وزیر خارجہ توشیمیتسو موتیگی نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور مکالمے و سفارتکاری کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا, دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔دریں اثنا وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے پرتگال کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور پالو رانجل نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے خطے میں کشیدگی میں فوری کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔پرتگالی وزیر خارجہ نے خطے میں امن کے فروغ، مکالمے اور سفارتکاری کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور حکومت پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔