ممبئی ،گجرات، امرتسر، لدھیانہ ، گورداسپور، پٹیالہ، پٹھان کوٹ، برنالہ اور موہالی میںپاکستان کے جوابی حملے کے خوف سے رات بھربلیک آئوٹ رہا

پاکستان کاخوف: بھارت اندھیرے میں ڈوب گیا راجدھانی نئی دہلی سمیت کئی شہروں میں بلیک آئوٹ،21ایئر پورٹ بند
مشرقی پنجاب میں متعدد مقامات پر سائرن بجا کر عوام کو  محتاط رہنے کے احکامات جاری، شہری گھروں میں رہیں اور باہر کی لائٹیں بند رکھیں،امرتسرانتظامیہ کی ہدایت، متعدد مقامات پر موک ڈرلز ، بلیک آؤٹ ریہرسلز بھی جاری ہیں،ذرائع
نیودہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے جواب پر بھارت میں خوف و ہراس پھیل گیا،راجدھانی نئی دہلی سمیت متعدد شہروں میں جمعرات کی رات بلیک آئوٹ رہا جبکہ بھارت نے شمالی علاقوں کے 21 ایئرپورٹس کو مسافر طیاروں کے لیے 10 مئی تک بند کر دیا اور بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق انڈیا کی مشرقی ریاست پنجاب کے ضلع امرتسر کے علاقے شری ہر مندرصاحب میں جمعرات کی رات مکمل بلیک آؤٹ رہا۔ذرائع کے مطابق امرتسر انتظامیہ کی جانب سے ہدایات جاری کی گئیں کہ شہری گھروں میں رہیں اور باہر کی لائٹیں بند رکھیں جبکہ بھارتی پنجاب میں متعدد مقامات پر سائرن بجا کر عوام کو محتاط رہنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے جواب پر بھارت میں خوف و ہراس پھیل گیا، امرتسر، لدھیانہ ، گورداسپور، پٹیالہ، پٹھان کوٹ، برنالہ اور موہالی میںرات بھر اندھیرے کا راج رہا۔جیکہ بھارتی راجدھانی نئی دہلی ،ممبئی اورگجرات میںبھی بلیک آئوٹ رہا اورشہریوں کو گھروں سے باہرنہ نکلنے کی ہدایت کی گئی۔،علاوہ ازیں ذرائع کا یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ بھارتی پنجاب میں متعدد مقامات پر موک ڈرلز ، بلیک آؤٹ ریہرسلز بھی جاری ہیں۔بھارتی میڈیا دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے کم از کم 21 ہوائی اڈے حکومتی ہدایت کے بعد مسافروں کی پروازوں کے لیے 10 مئی تک بند کر دیے گئے۔رپورٹ کے مطابق شہری ہوابازی کی وزارت کی جانب سے جاری نوٹم میں کہا گیا ہے کہ یہ ہوائی اڈے 10 مئی کی صبح 5 بج کر 29 منٹ تک بند رہیں گے۔دی ہندو کے مطابق مقبوضہ کشمیر اور سری نگر اور لیہہ کے ہوائی اڈے، امرتسر، چندی گڑھ، پٹیالہ، (بھارتی) پنجاب میں ہلوارہ ہوائی اڈے، ہماچل پردیش میں شملہ اور دھرم شالہ، جودھ پور، بیکانیر، جیسلمیر اور کشن گڑھ، راجستھان، بھودرہ، راجستھان، اور گجرات میں کانڈلا، کیشود اور بھوج ہوائی اڈے بند رہیں گے۔رپورٹ کے مطابق اس کے نتیجے میں مقامی روٹس چلانے والی بھارتی ایئر لائنز کی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ ہوئیں، کچھ بین الاقوامی پروازیں بھی متاثر ہوئیں کیوں کہ بشمول امریکا کی ایئر لائنزبھارت میں داخل ہونے کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکتیں۔