سابق وزیراعلیٰ پراس وقت گولی چلا ئی گئی جب وہ گولڈن ٹیمپل میں اپنی سزا سوادار پوری کر رہے تھے
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی پنجاب کے سابق نائب وزیرِ اعلیٰ سکھبیر بادل سنگھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں وہ محفوظ رہے، حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق سیاسی جماعت شرومنی اکالی دل کے سربراہ سکھبیر سنگھ بادل پر گذشتہ صبح قاتلانہ حملہ ہوا ہے، جس کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔ ان پر ایک شخص نے اس وقت گولی چلا دی جب وہ امرتسر کے گولڈن ٹیمپل میں اپنی سزا سوادار پوری کر رہے تھے۔فائرنگ کرنے والے شخص کو موقع پر موجود لوگوں نے قابو میں کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شوٹر سے تحقیقات جاری ہیں۔ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے ذرائع کے مطابق شوٹر نارائن سنگھ کا تعلق خالصتانی دہشت گرد گروپ ببر خالصہ سے ہے۔بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق سکھوں کے امرتسر میں قائم مقدس مقام اکالی دل میں جتھیدار گیانی رگھوبیر سنگھ سمیت پانچوں اعلی مذہبی پیشواوں نے 62سالہ سکھبیر بادل سنگھ، ان کے والد اور دیگر افراد کو توہینِ مذہب کے الزام میں بیت الخلا اور عازمین کے جوتے صاف کرنے سمیت دیگر سزائیں سنائی گئی تھیں۔سکھوں کے روحانی رہنماوں کی جانب سے سنائی گئی سزا پر عمل کرتے ہوئے سکھبیر سنگھ بادل گذشتہ 2 دن سے سیوادار کے لباس میں ایک ہاتھ میں نیزہ لیے گولڈن ٹیمپل کے گیٹ پر بیٹھے تھے۔