وار بک :چیف سیکرٹری پنجاب کی صوبائی محکموں کو انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت

لاہور(کرائم رپورٹر)رات کی تاریکی میں بھارت کے بزدلانہ حملے کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے صوبائی محکموں کو وار بک کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایت یہاں ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کی۔ اجلاس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی اور تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ گائیڈ لائنز مرتب کرنے کیلئے تمام انتظامات کو دستاویزی شکل بھی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ اور آئی اینڈ سی میں قائم کنٹرول رومز 24 گھنٹے کام کریں گے، محکمے کسی بھی قسم کی رہنمائی کیلئے محکمہ داخلہ سے رابطہ کریں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی جنگی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں کیلئے محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کا کردار نہایت اہم ہے۔  انہوں نے شہریوں کی آگاہی اور معلومات کی بروقت ترسیل کیلئے محکمہ اطلاعات کو خصوصی کنٹرول روم قائم کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔