جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم پر دونوں کی قبر کشائی کی گئی‘ خاتون کو 9 گولیاں اور مرد کو 7 گولیاں ماری گئیں:پوسٹ مارٹم رپورٹ
کوئٹہ(آئی این پی ‘یو این پی)چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے بانو ستک زئی اور احسان اللہ سمالانی کے قتل کا نوٹس لیکر اورایڈیشنل چیف سیکریٹری اور آئی جی بلوچستان کو آج طلب کرلیا‘دریں اثناء جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم پر قبر کشائی کی گئی۔ذرائع کے مطابق قبر کشائی جوڈیشل مجسٹریٹ اختر شاہ کی نگرانی میں کی گئی، قبر کشائی کے بعد مقتولین کا پوسٹ مارٹم پولیس سرجن عائشہ فیض نے کیا۔قبر کشائی کے موقع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موجود تھے، پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد دوبارہ مقتولین کی لاشوں کو دفنا دیا گیا۔ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں کیا گیا، خاتون کو 9 گولیاں جبکہ مرد کو 7 گولیاں ماری گئیں۔