وفاقی و صوبائی محکموں میں اے آئی کے استعمال کا فیصلہ

17 تا 20 گریڈ کے افسروں کی تربیت 9 تا 12 فروری اسلام آباد میں ہوگی
 اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کی ا فسروں کی نامزدگی 29 جنوری تک بھیجنے کی ہدایت 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وفاقی حکومت نے گورننس کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے مذکورہ نظام کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہول آف گورنمنٹ (AI WoG) منصوبہ کا نام دیا ہے۔وفاقی حکومت نے 17 تا 20 گریڈ کے افسران کی تربیت کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ وہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے مؤثر استعمال کے ذریعے وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی اور گورننس میں بہتری لاسکیں۔ اس تربیتی پروگرام کو وفاقی دارالحکومت میں 9 تا 12 فروری کے دوران منعقد کیا جائے گا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے وفاق کے ماتحت سروس کیڈر گروپ، وفاقی وزارتوں و محکموں کے ایکس کیڈر اور صوبائی سروس کے 17 تا 20 گریڈ کے افسران کی نامزدگی طلب کی ہے۔ وفاقی وزارتوں، ڈویڑنوں ، محکموں اور صوبائی حکومتوں کو مراسلے کے ذریعے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 29 جنوری تک افسران کی نامزدگی ارسال کریں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کے مطابق AI WoG منصوبہ وفاقی وزارتوں، ڈویڑنون، محکموں اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی، گورننس اور استعداد کار میں اضافے کے لیے تیار کیا گیا ہے، تربیتی پروگرام کے دوران افسران کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال کی عملی مہارتیں سکھائی جائیں گی۔