لاہور (اسپیشل رپورٹر) : پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے جمعرات کی صبح لاہور ایئرپورٹ کے قریب ایک بھارتی ڈرون کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق یہ ڈرون تقریباً 5 سے 6 فٹ لمبا تھا اور اسے سرحد پار سے آپریٹ کیا جا رہا تھا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی سسٹم نے ڈرون کو بروقت شناخت کیا اور اس کے نیویگیشن سسٹم کو جام کر کے زمین پر گرا دیا۔ ڈرون کی پرواز کا مقصد مبینہ طور پر پاکستان کے حساس علاقوں کی جاسوسی تھا، اور یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اس میں دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔جب ڈرون ایک انتہائی حساس عمارت کے قریب پہنچا، تو فورسز نے اسے ہدف بنانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ایک زور دار دھماکا ہوا۔ خوش قسمتی سے اس دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈرون کی ساخت، اس میں موجود سرکٹس، مواد، اور آپریٹنگ سسٹم کا تکنیکی تجزیہ جاری ہے تاکہ بھارت کی ممکنہ جاسوسی سرگرمیوں اور خطرات کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
اس کے علاوہ، گجرات کے علاقے پیر جھند گاؤں سے بھی ایک اور ڈرون کا ملبہ برآمد ہوا ہے، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ بھی بھارتی ساختہ ہو سکتا ہے۔ پولیس نے اس کے تمام ٹکڑوں کو قبضے میں لے کر فارنزک لیب بھیج دیا ہے، تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا یہ ڈرون بھی فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا یا اس کا ہدف صرف جاسوسی تھا۔پولیس اور سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں آئندہ کے لیے ممکنہ دفاعی اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔دونوں واقعات میں کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہونا خوش آئند ہے، تاہم اس طرح کی سرحد پار دراندازی پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے لیے ایک واضح چیلنج ہے۔