اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ فضائی جھڑپ میں بھارتی فضائیہ کے جدید ترین رافیل طیارے کو پاک فضائیہ نے کس طرح مار گرایا؟ اس حوالے سے برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق چینی ساختہ پی ایل 15 میزائل سے متعلق بھارتی انٹیلی جنس کی ناکامی بھارتی رافیل طیارے کے گرنے کا سبب بنی۔ رپورٹ کے مطابق 7 مئی کی نصف شب پاکستان ایئر فورس کے آپریشن روم میں سرحد پار بھارتی طیاروں کی نقل و حرکت کا بغور جائزہ لیا جا رہا تھا۔ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کئی دنوں سے بھارتی جارحیت کے خدشے کے پیش نظر آپریشن روم میں موجود تھے۔ بھارتی طیاروں کی سرگرمیاں دیکھنے کے بعد انہوں نے چینی ساختہ جے 10 سی طیارے روانہ کرنے کا حکم دیا اور خاص طور پر بھارتی رافیل طیاروں کو نشانہ بنانے کی ہدایت دی۔ماہرین کے مطابق اس جھڑپ میں پاکستان اور بھارت کے مجموعی طور پر 110 طیارے شامل ہوئے، جسے دہائیوں بعد دنیا کی سب سے بڑی فضائی جھڑپ قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رافیل طیارے کی تباہی نے مغربی ساختہ جنگی ہتھیاروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پاک فضائیہ نے اس جنگ میں کامیاب الیکٹرانک وار فیئر حملے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان کی اس کامیابی کے بعد متعدد ممالک نے چینی لڑاکا طیارے جے 10 سی کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فضائی معرکہ نہ صرف خطے میں طاقت کا توازن بدل سکتا ہے بلکہ جدید جنگی ٹیکنالوجی کی افادیت پر بھی نئی بحث کا آغاز کر چکا ہے۔