کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، ان دہشت گردوں سے حساس مقامات کی تصاویر، ویڈیوز، اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ان کے قبضے سے ایک مدرسہ اور ایک میلے کی تصاویر، ویڈیوز اور لوکیشن بھی ملی ہے، جو دہشت گردی کے منصوبوں میں استعمال ہونے کی نیت سے لی گئی تھیں۔گرفتاری کے دوران، لاہور سے سکھ دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان، اور سرفراز کو حراست میں لیا گیا ہے۔ فیصل آباد سے دہشت گرد دانش کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بہاولپور سے گرفتار دہشت گردوں میں رجب، ہاشم، ثاقب، اور عارف شامل ہیں۔ یہ دہشت گرد بھارت سے آپریٹ ہو رہے تھے اور ان کی گرفتاری میں عادل نامی فیس بک آئی ڈی کی مدد لی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق، سکھ دیپ سنگھ پیدائشی مسیحی تھا اور کچھ عرصہ قبل اس نے اپنا مذہب تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دہشت گردوں کو بھارتی دہشت گرد ایجنسی را سے بھاری فنڈنگ فراہم کی گئی تھی۔سی ٹی ڈی کے مطابق، دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش کا آغاز کیا جا رہا ہے۔