مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی نے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی قیدی پر تشدد نہیں ہورہا اور جیل میں مشکلات ضرور ہوتی ہیں، مگر پی ٹی آئی کے رہنما تشدد کی جھوٹی کہانیاں نہ پھیلائیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ چیئرمین نے ممبران کے استحقاق کے لیے جو رولنگ دی، ایوان ان کے ساتھ کھڑا ہے، اور دونوں سینیٹرز کے پروڈکشن آرڈرز پر عمل ہونا چاہیے۔ انہیں امید ہے کہ استحقاق کمیٹی اس معاملے کا جائزہ لے گی۔عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کا زیور قیدیں ہیں، اور چیئرمین سینیٹ نے 9 سال اور نواز شریف نے 4 سال جیل میں گزارے، تاہم کسی پر تشدد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیل کی مشکلات ہیں، لیکن ان مشکلات کو تشدد کے طور پر بیان کرنا غلط ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے جاری کردہ پروڈکشن آرڈرز پر عمل ہونا چاہیے۔