عوام کا تحفظ اور قانونی رہنمائی اولین ذمہ داری: فیصل کامران

شکایات کا بروقت ازالہ نہ کرنے والے ایس ایچ اوز کے خلاف سخت کارروائی ہو گی
 لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جہاں شہریوں کو ان کے مسائل پر فوری شنوائی اور انصاف فراہم کیا گیا۔ شہریوں نے کھلی کچہری میں اپنے مسائل بلاخوف پیش کیے جن پر ڈی آئی جی آپریشنز نے موقع پر ہی مؤثر احکامات جاری کیے۔کھلی کچہری میں وراثتی معاملات میں شہریوں کو قانونی معاونت اور رہنمائی فراہم کی گئی۔ فیصل کامران نے ایس ایچ اوز کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وراثتی مقدمات میں شہریوں کو لڑائی جھگڑوں سے بچانے کے لیے قانون کے مطابق فوری رہنمائی اور مدد فراہم کی جائے۔کھلی کچہری میں ہراسگی، جھگڑوں، گھریلو تنازعات اور دیگر سماجی مسائل پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو مؤثر کارروائی کے احکامات دیے گئے۔ فیصل کامران نے کہا کہ ہراسگی اور سماجی جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ عوام کو تحفظ اور قانونی رہنمائی فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ نہ کرنے والے ایس ایچ اوز کے خلاف سخت کارروائی ہو گی اور ایسے افسران کے بارے میں براہ راست ڈی آئی جی آفس کو آگاہ کیا جائے۔فیصل کامران نے کہا کہ تھانوں میں شہریوں کو فوری شنوائی نہ دینے والے افسران کی جوابدہی یقینی بنائی  جائے گی تاکہ قانون کی بالادستی اور عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔