اوپن ڈور پالیسی سے انصاف کی بروقت فراہمی اولین ترجیح :فیصل کامران

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزلاہورمحمد فیصل کامران نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کی مدد سے انصاف کی بروقت فراہمی اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی معاملے میں جانبداری ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔ شہریوں کی دادرسی کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد یقینی بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھلی کچہری کے دوران کیا۔ محمد فیصل کامران نے سائلین کی شکایات پر فوری کارروائیاں عمل میں لانے کیلئے براہ راست ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو احکامات جاری کیے۔انہوں نے کاروباری معاملہ میں 3لاکھ روپے معاہدے کے گواہ پر ڈالنے اورخاتون کو ہراساں کرنے کی شکایات پر اے ایس پی چوہنگ کو پارٹیوں کوخود سن کر میرٹ پر کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا۔ شہری کی کاروبار ی شراکت داری میں 74 لاکھ کی رقم واپس نہ لوٹانے پر ڈی ایس پی شفیق آباد کو 3 دن میں بنک ٹرانزیکشن اور معاہدے کی جانچ پڑتال کا حکم دیا۔ اسی طرح ڈی ایس پی اسلام پورہ کو مکان خریداری میں جعلسازی کی انکورائر ی 7 روز میں مکمل کرنے جبکہ ڈی ایس پی نولکھا کو گروی کی رقم واپس نہ کرنے پر پارٹیوں کو سننے اور معاملہ حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔