محرم الحرام میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے:عظمی بخاری

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے فیصل آباد ڈویژن کا  اجلاس منعقد ہوا جس میں عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور جلوسوں کے مقررہ اوقات کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات اور فلیش پوائنٹس پر سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا امکان ختم کیا جا سکے۔عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے شرکاء کے لیے بجلی کی بلاتعطل فراہمی، ٹھنڈے پانی اور پنکھوں سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال رہیں اور موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔ عظمیٰ بخاری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں کے باہر نصب کیو آر کوڈز کے ذریعے پینک بٹن ایپلیکیشن کے استعمال سے متعلق منتظمین کو مکمل طور پر آن بورڈ کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن بنایا جا سکے