امن وامان کی صورتحال میں بہتری کیلئے پولیس کوچار ہفتے مہلت پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں ہوگا:مریم نواز

 عورتوں اور بچوں کیخلاف جرائم‘ امن وامان میں بہتری نہ آنے پر متعلقہ پولیس افسرکوہٹانے کی وارننگ ، راولپنڈی ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال پراظہارتشویش
 کیمرے والی عینکوںسمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی یقینی بنائی جائے ، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف پیشگی کارروائی اور برآمدگی  بھی کی جائے
  ہرجگہ پٹرولنگ نظر آنی چاہیے تاکہ جرائم پیشہ افراد میں قانون کا خوف پیدا ہو، ہجوم سے نمٹنے کیلئے آر ایم سی پولیس فورس کی مستقل کیپسٹی بلڈنگ جاری رکھی جائے:وزیراعلی
 لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت امن وامان پرخصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں آرپی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔ اجلاس میں ہر ڈویژن اور ڈسٹرکٹ سے متعلق امن وامان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عورتوں اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عورتوں اور بچوں کیخلاف جرائم سمیت امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بہتری کیلئے چار ہفتوں کی مہلت دے دی اور امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بہتری نہ آنے پر متعلقہ پولیس افسرکوہٹانے کی وارننگ دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس کو تمام اضلاع بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں سے گندم کی سمگلنگ روکنے کی ہدایت کی اور پولیس میں انسداد رشوت ستانی مہم اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹریفک مینجمنٹ پرعدم اعتماد کا اظہار کیا اور اوور سپیڈنگ پر یقینی کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس کو صوبہ بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی کارروائی اور برآمدگی کا حکم دیا اور کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں پولیس پٹرولنگ کی ہدایت کی اور پولیس افسران کو تبلیغی اجتماع کے منتظمین کے پاس خود پہنچنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام آرپی اوز کو ہر قسم کے جرائم پر ویکلی میٹنگ کا حکم دیا اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور میں ڈولفن کو پٹرولنگ کیلئے بائیکس اور دیگر سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی پر آرایم سی کو سراہا اور ڈیوٹی کے دوران جاں بحق پولیس اہلکاروں کیلئے خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاں بحق پولیس افسروں کے اہل خانہ کیلئے تاحیات تنخواہ اور پیکج دینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راولپنڈی ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا اورملتان واقعہ سمیت ہر سنگین جرم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی‘ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں ہوگا، معافی نہیں دیں گے۔منشیات کے خاتمے کیلئے بھرپور کارروائی یقینی بنائی جائے۔ جرائم کے ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی اور نیٹ ورک توڑنے کیلئے بھرپوراقدامات کیے جائیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں ہرجگہ پٹرولنگ نظر آنی چاہیے تاکہ جرائم پیشہ افراد میں قانون کا خوف پیدا ہو۔ ہجوم سے نمٹنے کیلئے مخصوص آر ایم سی پولیس فورس کی مستقل کیپسٹی بلڈنگ جاری رکھی جائے۔