میانمار میں اقتدار پر قابض فوج نے ملک میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد سیاسی جماعتوں کو دوبارہ انتخابی عمل میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
فوجی حکام کے مطابق یہ انتخابات رواں سال دسمبر یا جنوری 2026ء میں ہوں گے۔فوجی حکومت کے مطابق، 53 سیاسی جماعتوں نے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اپنی فہرستیں جمع کرا دی ہیں، جو انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش مند ہیں۔ فوجی حکام نے یہ بھی وضاحت کی کہ انتخابی عمل کے دوران، تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ شفاف اور منصفانہ انتخابات ممکن ہو سکیں۔یاد رہے کہ میانمار میں فروری 2021ء میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا، جس سے ملک میں جاری 10 سالہ جمہوری دورِ حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا۔
اس کے بعد سے ملک میں جمہوریت کے حامیوں اور فوجی حکومت کے خلاف مسلسل احتجاجات اور تحریکیں جاری ہیں۔ فوجی حکومت نے انتخابات کے ذریعے اقتدار کو واپس عوام کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ابھی تک اس حوالے سے کسی واضح وقت کا تعین نہیں کیا گیا تھا۔فوجی حکام کے اس اعلان سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ وہ اپنے اقتدار کو قانونی حیثیت دینے کے لیے انتخابات کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم جمہوریت کے حامیوں کی جانب سے ان انتخابات کی شفافیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔