گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن خواتین کی صلاحیتوں اور ان کی معاشرتی خدمات کو تسلیم کرنے کا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی خواتین مختلف شعبوں میں اپنی محنت اور عزم سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو وہ حقوق دیے جو زمانہ جاہلیت میں ان سے چھین لیے گئے تھے، جیسے بیٹیوں کو زندہ دفن کرنے کا رواج تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حقوق خواتین کو دینا اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے۔گورنر پنجاب نے اپنی قائد محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خواتین کے لیے عزم اور ہمت کی ایک نئی مثال قائم کی۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے نہ صرف ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کیا بلکہ خواتین کے حقوق کے لیے بھی ہمیشہ آواز اٹھائی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین کو معاشرتی ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرسکیں اور ملک کی ترقی میں حصہ لے سکیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر خواتین کو برابری کے مواقع ملیں گے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ دن نہ صرف خواتین کی عزت و احترام کا دن ہے بلکہ ان کی محنت، لگن اور ملک کے لیے خدمات کو سراہنے کا بھی دن ہے۔