خواتین کے عالمی دن پر آئی جی پنجاب کا پیغام، خواتین کی خدمات کو سراہا

خواتین کے عالمی دن پر آئی جی پنجاب کا پیغام، خواتین کی خدمات کو سراہا

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے پیغام میں شہداء، غازیوں کی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ "آج کی عورت پہلے سے کہیں زیادہ باشعور، باہمت اور بااختیار ہے۔"

 انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کا معاشی ترقی میں اہم کردار ہے اور پاکستانی خواتین بھی گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ معاشی ذمہ داریاں بخوبی ادا کر رہی ہیں۔آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین پولیس اہلکاروں کے لیے مختلف فلاحی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں ہاسٹل کی سہولت شامل ہے تاکہ وہ بہتر ماحول میں اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے معاشرتی ترقی کے لیے خواتین کو مساوی مواقع اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔آئی جی پنجاب نے خواتین کے خلاف جرائم کے خلاف پنجاب پولیس کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کی صورت میں فوری ایف آئی آرز کا اندراج اور مجرموں کی گرفتاری کی جاتی ہے۔

گزشتہ سال خواتین کے خلاف جرائم کی ایف آئی آرز میں 90 فیصد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے خواتین کے لیے ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز، تحفظ مراکز، ورچوئل وویمن پولیس سٹیشنز اور اینٹی وویمن ہراسمنٹ اینڈ وائیلنس سیل جیسے اقدامات کو اہم قرار دیا۔آئی جی پنجاب نے معاشرتی ناانصافی کا شکار خواتین کے لیے وویمن سیفٹی ایپ، پینک بٹن، ہیلپ لائن 15 کی سہولت فراہم کرنے کا ذکر کیا اور کہا کہ خواتین کے خلاف جنسی جرائم کی تفتیش کے لیے تربیت یافتہ خواتین پولیس افسران کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔