پنجاب کی خواتین اپنی صلاحیتوں سے صوبے کی تقدیر بدل دیں گی: مریم نواز

پنجاب کی خواتین اپنی صلاحیتوں سے صوبے کی تقدیر بدل دیں گی: مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی خواتین باہمت ہیں اور اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر صوبے کی تقدیر بدل دیں گی اور میدان عمل میں اپنا منفرد مقام پیدا کریں گی۔

لاہور میں کمیونٹی ہیلتھ ورکرز کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل ہے، جبکہ صوبے بھر میں 55 ہزار کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز عوام کی خدمت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی اور جب پنجاب کی بیٹیاں میدان میں نکلیں گی تو بیماریاں بھاگ جائیں گی۔مریم نواز نے کہا کہ پنڈال میں موجود خواتین ان کے خواب کی تعبیر ہیں اور کمیونٹی ہیلتھ ورکرز کا یونیفارم انہوں نے خود ڈیزائن کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیلڈ ہسپتالوں کے ذریعے 3 کروڑ افراد کا علاج کیا جا رہا ہے، جبکہ ہر کمیونٹی ہیلتھ ورکر کی ماہانہ تنخواہ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور بہترین کارکردگی پر تنخواہ میں اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیبلٹس کے ذریعے پورے پنجاب کا ہیلتھ ریکارڈ دستیاب ہوگا، جس سے بیماریوں کی فوری نشاندہی اور بروقت علاج ممکن ہو سکے گا۔تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے "پنجاب کی ہر بیٹی زندہ باد" کا نعرہ بھی لگوایا۔