گرفتار پی ٹی آئی سینیٹر عون بپی ایوان بالا پہنچے، چیئرمین سینیٹ سے ملاقات

گرفتار پی ٹی آئی سینیٹر عون بپی ایوان بالا پہنچے، چیئرمین سینیٹ سے ملاقات

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار سینیٹر عون عباس بپی ایوان بالا پہنچ گئے، جہاں انہیں سینیٹ کے سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کیا گیا۔

 اس کے بعد عون عباس بپی نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، جس میں قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر شبلی فراز بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران عون عباس بپی نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ایوان بالا میں پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عون عباس بپی نے پنجاب پولیس کے ساتھ اپنے سلوک کے بارے میں بتایا کہ کوئی خاص مسئلہ نہیں تھا، بس 12 گھنٹے کے سفر کے بعد طبیعت تھوڑی خراب ہوئی تھی۔ صحافیوں کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ سفید رنگ کا ڈالا استعمال کیا گیا تھا۔ایک سوال پر عون عباس بپی نے کہا کہ ان کی فوری پیشی گیلانی صاحب کے لیے اسپیس بنانے کی کوشش تھی، اور یہ ممکنہ طور پر ایک سافٹ کارنر تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پروڈکشن آرڈر پر عمل کرنے کے لیے گیلانی صاحب کو راضی کیا گیا، اور اس کی حکمت عملی کے بارے میں وقت آنے پر میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔بعد ازاں عون عباس بپی اور نومنتخب سینیٹر اسد قاسم نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ اسد قاسم سابق سینیٹر قاسم رونجھو کے بیٹے ہیں، جو آزاد حیثیت سے سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔حلف برداری کے بعد شیری رحمن نے وقفہ سوالات مؤخر کرنے کی تحریک پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔