چیئرمین سینیٹ کا پی ٹی آئی کے منحرف سینیٹر کے استعفے کی منظوری سے متعلق اہم بیان جاری

چیئرمین سینیٹ کا پی ٹی آئی کے منحرف سینیٹر کے استعفے کی منظوری سے متعلق اہم بیان جاری

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ سیف اللہ ابڑو کا استعفیٰ جب ان کے پاس آئے گا تو وہ انہیں بلا لیں گے، ہوسکتا ہے کہ وہ ان سے کہہ دیں کہ استعفیٰ نہ دیں۔

 اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم پہلے ہی سینیٹ سے منظور ہو چکی ہے اور اپوزیشن نے اس میں بہتری کی درخواست کی تھی، جسے پورا کیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سیف اللہ ابڑو کا تحریری استعفیٰ منظور نہیں ہوا، اور فلور آف دی ہاؤس پر شاہ محمود قریشی نے استعفیٰ کا اعلان کیا تھا۔ گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ جب سیف اللہ ابڑو کا استعفیٰ ان کے پاس آئے تو وہ ان سے بات کریں، اور ممکن ہے کہ وہ انہیں منا لیں کہ وہ استعفیٰ نہ دیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر استعفیٰ ان کے پاس آتا تو وہ اسے منظور کرتے، کیونکہ اگر منظور ہوتا تو یہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جاتا۔

دریں اثنا، سینیٹر علی ظفر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گفتگو میں کہا کہ سیف اللہ ابڑو نے اپنا استعفیٰ دے دیا ہے اور اب وہ ووٹ میں حصہ نہیں لے سکتے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سینیٹ میں پاس ہونے والے بل میں غلطیاں تھیں، جس کے باعث اسے واپس لینا پڑ گیا ہے۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ یہ سینٹ کے لیے سوالیہ نشان ہے اور آج یہ دیکھنا پڑے گا کہ ووٹ کے لیے کون لایا جائے گا۔