پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ماورا حسین نے بتایا کہ وہ سلمان خان کی بڑی مداح ہیں اور ان کی تمام فلمیں دیکھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سلمان خان کی مشہور فلم ہم دل دے چکے صنم کو کئی بار دیکھا ہے۔ماورا حسین نے انداز اپنا اپنا اور بجرنگی بھائی جان جیسی سلمان خان کی فلموں کی بھی بھرپور تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجرنگی بھائی جان میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ ایک ملک کو اچھا دکھانے کے لیے دوسرے ملک کو برا دکھانا ضروری نہیں ہے، جو کہ ان کے لیے ایک بہت اہم سبق تھا۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ سلمان خان کے علاوہ وہ بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور کے ساتھ بھی کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ماورا حسین کی بھارتی فلم صنم تیری قسم کی حالیہ ری ریلیز نے بھارت میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے، جس کے بعد وہ متعدد بھارتی شوز میں انٹرویوز دیتی ہوئی نظر آئیں۔ یہ فلم 2016 میں ریلیز ہوئی تھی لیکن باکس آفس پر کامیابی حاصل نہ کر سکی تھی۔