کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یکم مئی کو یوم مزدور کے موقع پر پاکستانی اور دنیا بھر کے محنت کشوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مزدوروں کی ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یکم مئی شکاگو کے مزدوروں کی قربانیوں کی یاد دہانی کا دن ہے، جنہوں نے مناسب اجرت اور باہم عزت والے کام کے حالات کی جدوجہد میں اپنی جانیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں جدوجہد کو آگے بڑھانے کا عزم بھی دلاتا ہے، تاکہ محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سے ہی مزدور طبقے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر جدوجہد کی ہے اور سندھ حکومت کی جانب سے بے نظیر مزدور کارڈ ایک انقلابی اقدام ہے، جس کے ذریعے محنت کشوں کو ان کے حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔چیئرمین پی پی پی نے اپنے پیغام میں محنت کشوں کی محنت اور ان کی قربانیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرتی رہے گی۔