نصرت فتح علی خان سے کیا رشتہ ہے؟ چاہت فتح علی خان نے بتا دیا

نصرت فتح علی خان سے کیا رشتہ ہے؟ چاہت فتح علی خان نے بتا دیا

ویب ڈیسک: چاہت فتح علی خان کے ’فتح علی خان‘ کے نام کا راز، وراثت کے استحصال کے الزامات کا جواب

سوشل میڈیا پر اپنے منفرد انداز میں گانے گانے کے باعث مشہور ہونے والے گلوکار چاہت فتح علی خان کے مداح پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود ہیں، اور اب یہ راز بھی سامنے آیا ہے کہ ان کا پاکستان کے معروف گلوکار استاد نصرت فتح علی خان سے کیا رشتہ ہے۔چاہت فتح علی خان نے 2024 میں اپنے گانے "بدو بدی" سے بے پناہ مقبولیت حاصل کی، جس نے ایک ہفتے کے اندر 27 ملین ویوز حاصل کیے۔ تاہم، کاپی رائٹ مسائل کی وجہ سے یوٹیوب نے گانا ہٹا دیا۔ چاہت فتح علی خان کا اصل نام رانا کاشف ہے اور وہ پنجاب کے شہر فیصل آباد سے ہیں۔

حال ہی میں نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے اپنے نام کے ساتھ "فتح علی خان" استعمال کرنے کی وضاحت دی۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں ایک گلوکار نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ نصرت فتح علی خان کی وراثت کا استحصال کر رہے ہیں اور "فتح علی خان" کا لاحقہ فیصل آباد کے لوگوں کے لیے تکلیف دہ ہے۔

چاہت نے اس پر کہا، "میں نے نصرت فتح علی خان کے لیے اپنے نام میں 'فتح علی خان' اس لیے استعمال کیا کیونکہ میں ان سے بے پناہ محبت کرتا ہوں اور ان کی عزت کرتا ہوں۔ یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے لوگ اپنے بچوں کے نام عمران خان، قائداعظم یا علامہ اقبال کے نام پر رکھتے ہیں، یہ سب محبت کی وجہ سے ہوتا ہے۔"