چاہت فتح علی خان کا علی حیدر کے بیان پر طنزیہ ردعمل

چاہت فتح علی خان کا علی حیدر کے بیان پر طنزیہ ردعمل

لاہور: سوشل میڈیا پر اپنے منفرد اور مزاحیہ انداز کی وجہ سے شہرت پانے والے گلوکار چاہت فتح علی خان نے گلوکار علی حیدر کے حالیہ بیان پر دلچسپ ردعمل دیا ہے۔

علی حیدر، جو گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ رائٹر اور میوزیشن بھی ہیں، ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے جہاں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ اگر انہیں 20 کروڑ روپے دیے جائیں تو کیا وہ چاہت فتح علی خان کے ساتھ گانا گانے پر راضی ہوں گے؟ اس پر علی حیدر نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ "چاہت کو اپنی زندگی جینے دیں، یہ اس کا وقت ہے، شاید اللہ نے اس کی کوئی بڑی دعا قبول کی ہے۔ ان کے اور اللہ کے درمیان مت آئیں۔"انہوں نے مزید کہا کہ چاہت کو چاہے لوگ مزاحیہ یا تفریحی فنکار کہیں، لیکن انہیں جینے کا حق ضرور حاصل ہے۔

اس گفتگو کے بعد چاہت فتح علی خان نے ایک یوٹیوب انٹرویو میں علی حیدر کو طنزیہ جواب دیا۔ انہوں نے نہ صرف ان کے گانوں پر تنقید کی بلکہ یہ بھی کہا کہ "علی حیدر کراچی چھوڑ کر امریکا جا بسے ہیں۔ اگر 20 کروڑ دینے کے باوجود وہ میرے ساتھ نہیں گائیں گے تو کوئی بات نہیں، میں تو خود ایک غریب آدمی ہوں اور اتنی بڑی رقم دینے کی استطاعت ہی نہیں رکھتا۔"

انہوں نے مزید ہنستے ہوئے کہا کہ "میں بھی جلد امریکا جانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔"چاہت فتح علی خان کے اس طنزیہ ردعمل نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے جہاں مداح دونوں فنکاروں کے بیانات پر تبصرے کر رہے ہیں۔