مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر سمیت 3ایجنٹ گرفتار

ملزمان نے شہری کو کشتی کے ذریعے سپین بھیجنے کی کوشش کی ، ترجمان ایف آئی اے گوجرانوالہ
   راولپنڈی (آئی این پی )مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر سمیت3 ایجنٹس کو گرفتارکر لیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے گوجرانوالہ کے مطابق  ایف آئی اے زون گوجرانوالہ نے ملزمان کو گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔ ملزمان کی شناخت مرزا احسان بیگ، عمران مشتاق اور حسن عباس کے نام سے ہوئی۔ملزم مرزا احسان بیگ مراکش کشتی حادثہ میں ملوث پایا گیا۔ملزم نے فادی گجر ، باشی گجر اور رانا لیاقت نامی ایجنٹوں کے ساتھ ملکر شہری کو سپین بھجوانے کی کوشش کی۔ملزمان نے شہری سے اس مقصد کے لیے27 لاکھ روپے ہتھیائے۔ ملزمان کی جانب سے متاثرہ شہری کو پہلے موریطانیہ بھجوایا گیا۔ملزمان نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر متاثرہ شہری کو کشتی کے ذریعے سپین سمگل کرنے کی کوشش کی تاہم شہری نے کشتی کے ذریعے سفر سے انکار کر دیا اور پاکستان واپس آ گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ ایک اور کارروائی میں ملزم عمران مشتاق کو ائیرپورٹ ہائوسنگ سوسائٹی اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملکر شہری کو کینیڈا ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 30 لاکھ روپے ہتھیائے۔ملزمان شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے۔تیسری کارروائی میں ملزم حسن عباس کو پسرور سیالکوٹ سے گرفتار کیا گیا۔ملزم نے شہریوں کو غیر قانونی طور پرسپین بھجوانے کے لیے 28 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے۔ملزم نے شہریوں کو کشتی کے ذریعے غیر قانونی طور پر موریطانیہ سے سپین سمگل کی کوشش کی۔شہریوں نے کشتی کے ذریعے سفر سے انکار کر دیا اور واپس پاکستان آ گئے۔