مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر سیوریج سسٹم بنانے کی ہدایت‘واسا لاہور میں780کلومیٹر1 سے 6 فٹ قطرنئے پائپ بچھائے گا
لاہور ڈویلپمنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے کنٹریکٹ کا آغازکیا جارہا ہے‘ڈیجیٹل ٹریکنگ کی جا سکے گی:وزیراعلی کو اجلاس میں بریفنگ
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلی مریم نواز کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر رپورٹ پیش کی۔ وزیر اعلی نے کنال کی بھل صفائی کرانے کا حکم دیا۔ وزیر اعلی نے مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر سیوریج سسٹم بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا واسا لاہور میں مجموعی طور پر 780کلومیٹر1 سے 6 فٹ قطرنئے پائپ بچھائے گا۔ پہلے مرحلے میں لاہور میں 450 کلومیٹر طویل سیوریج پائپ بچھائے جائیں گے۔ لاہور ڈویلپمنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے کنٹریکٹ کا آغازکیا جارہا ہے۔ نیسپاک انسپکٹر ایپ کے ذریعے پراجیکٹ کی انسپکشن کر سکے گا۔ بریفنگ میں مزید بتایا کہ لاہور ڈویلپمنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے ڈیجیٹل ٹریکنگ کی جا سکے گی۔ لاہور ڈویلپمنٹ مینجمنٹ انفارمیشن کے ذریعے فزیکل اور فنانشل پراگریس بھی چیک کی جا سکے گی۔ لاہور ڈویلپمنٹ پلان میں شفافیت سے 16ارب روپے کی بچت کی گئی۔پہلے فیز میں لاہو رکے6 زون کی تعمیرومرمت اور ڈویلپمنٹ کی جائے گی۔ ڈویلپمنٹ پلان میں فراہمی و نکاسی آب کا نظام،رابطہ سڑکوں اورپختہ گلیوں کی تعمیر شامل ہے۔ سٹریٹ لائٹ کی تنصیب اور پارکس کی بحالی بھی ڈویلپمنٹ پلان میں شامل ہے۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا دیہات میں بھی گلیاں شہروں کی طرح بہترین بنائی جائیں۔ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔